گیس کے دوسرے بڑے ذخائر کا حامل ملک بھی گیس کے بحران کا شکار، شہریوں سے ہیٹر کی بجائے گرم کپڑے پہننے کی اپیل

23  جنوری‬‮  2022

روس کے بعد گیس کے دوسرے بڑے قدرتی ذخائر کے حامل ملک نے شہریوں سے گیس ہیٹر کی بجائے گرم لباس پہننے کی اپیل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایران کی وزارت توانائی نے موسم سرما میں گیس کی بڑھتی ہوئی طلب اور کم ہوتے ذخائر کے پیش نظر عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنے گھر اور کمرے گرم رکھنے کیلئے گیس و دیگر ایندھن کے استعمال کی بجائے گرم کپڑوں کا استعمال کریں۔

عالمی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران کی وزارت تیل نے بھی شہریوں کو ایندھن کا استعمال کم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، تاکہ شدید موسم میں ایندھن کی قلت سے بچا جا سکے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے بعد ایران کے پاس قدرتی گیس کے سب سے بڑے ذخائر ہیں، اور حکومت شہریوں کو گیس کی فراہمی کیلئے جتنی رقم چارج کرتی ہے، وہ نہ ہونے کے برابر ہے، اور اس کے علاوہ گیس کے استعمال پر سبسڈی بھی دی جاتی ہے۔

میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایران کے پاس تیل کے چوتھے بڑے قدرتی ذخائر ہیں، یعنی کہ حکومت کے پاس توانائی کیلئے گیس کا متبادل موجود ہونے کے باوجود بھی شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کرنا معنی خیز ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ شہری گھروں سے نکلتے وقت ہیٹر سمیت ایندھن سے جلنے والے دیگر آلات بند کر کے جائیں، اور یقینی بنائیں کہ گیس کا کہیں غیر ضروری استعمال تو نہیں ہو رہا۔ ایران کی وزارت توانائی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ملک کو بقیہ موسم سرما میں ایندھن کی قلت سے بچانا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved