اسلام آباد ایئرپورٹ پر سکیورٹی فورسز نے الگ الگ دو بڑی کارروائیاں کرکے سعودیہ جانے والےمسافر سے 6کلو ہیروئن برآمد کر لی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کی جس کے نتیجے میں مسافر سے منشیات برآمد ہوئی ہیں۔اے ایس ایف کے ترجمان نے بتایا کہ سعودی عرب کے شہر دمام جانے والے مالاکنڈ کے رہائشی سے منشیات برآمد ہوئی۔ترجمان اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف کے حوالے کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ہی ایئرپورٹس سیکورٹی فورس (اے ایس ایف) نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر کارروائی کی تھی۔ ترجمان اے ایس ایف کا کہنا تھا کہ اے ایس ایف کے عملے نے شارجہ جانے والی مسافر فیملی سے 23,60,000 پاکستانی روپے بر آمد کیے تھے، مسافر فیمیلی نے رقم اپنے دستی سامان میں چھپا رکھی تھی۔ترجمان اے ایس ایف کے مطابق اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران کرنسی برآمد کر کے منی لانڈرنگ کی کوششں ناکام بنا دی، ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ رقم سمیت مزید کارروائی کے لئے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔