مسلم لیگ قائداعظم (ق) کے سربراہ و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے وزیراعظم عمران خان کو دشمن نما دوست سے خبردار کردیا۔
سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جب مشیر ایڈوائس دیتے ہیں تو اس میں کوئی نہ کوئی اینگل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی سوچ کے مطابق چیزوں کو اچھالتے ہیں جب کہ نقصان عمران خان کو ہوتا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ وزیراعظم یہ دیکھیں کہ ان کے مشیر کس کی گیم کھیل رہے ہیں؟ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کا یہ بیان کہ مجھے اسمبلی میں بولنے نہیں دیا جاتا، کسی دشمن نما دوست نے دیا ہوگا۔چوہدری شجاعت حسين کا کہنا تھا کہ اصل بات مشيروں کو پتہ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا بيان کہ اگر مجھے ہٹايا گيا تو پہلے سے زيادہ خطرناک ہوں گا۔ يہ مشورہ بھی کسی دشمن نما دوست نے ديا ہوگا۔
چوہدری شجاعت حسين کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم کو اسمبلی میں بولنے نہیں دیا جاتا تو وہاں بیٹھے مراعات یافتہ ارکان کیا گونگے بہرے ہیں جو دوسروں کو عمران خان کے خلاف بولنے دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو يقين ہوناچاہيئے جو اُن کيساتھ مخلص ہيں انہيں اپنا دشمن نہ سمجھيں۔