اماراتی حکام نے امریکی تعاون سے حوثی باغیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے، اور حملے کو ناکام بنانے کی ویڈیو بھی جاری کر دی ہے۔
واشنگٹن میں اماراتی سفیر یوسف العتیبہ نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے ابوظہبی پر حوثیوں کے دوسرے میزائل حملے کو امریکی تعاون سے ناکام بنا دیا ہے، رواں ہفتے حوثی باغیوں کا ابوظہبی پر یہ دوسرا فضائی حملہ تھا، جو ایک روز قبل کیا گیا۔
اماراتی سفیر کا کہنا تھا کہ ابوظہبی کے اہم مقام کو نشانہ بنانے کیلئے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے میزائل کو روک کر انہیں ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے ٹوئٹر پر آپریشن کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوثیوں کے دو بیلسٹک میزائلوں کو روک کر تباہ کردیا ہے، جبکہ اس حملے میں کوئی جانی نقصان بھی نہیں ہوا۔
MOD Joint Operations Command announces that at 04:10 hrs Yemen time an F-16 destroyed a ballistic missile launcher in Al Jawf, immediately after it launched two ballistic missiles at Abu Dhabi. They were successfully intercepted by our air defence systems. Video attached. pic.twitter.com/laFEq3qqLm
— وزارة الدفاع |MOD UAE (@modgovae) January 24, 2022
اماراتی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا اگلا قدم حوثی باغیوں کو حامیوں کی طرف سے مہیا کئے جانے والے مالی وسائل اور ہتھیاروں کی فراہمی کو روکنا ہے، انہوں نے امریکہ سے ایک بار پھر اپیل کی کہ حوثیوں کو دوبارہ دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کیلئے اب واشنگٹن کو آگے بڑھنا چاہیے۔
یاد رہے کہ ابوظہبی میں آئل ٹینکروں پر حوثی باغیوں کے گزشتہ ہفتے کئے جانے والے ڈرون حملے میں ایک پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔