کراچی میں وزیر اعلیٰ ہاؤس پر ایم کیو ایم پاکستان کے بلدیاتی ایکٹ کے خلاف دھرنے پر پولیس نے بدترین لاٹھی چارج کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے آج سندھ کے متنازع بلدیاتی قانون کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی، شارع فیصل سے مارچ کرتے مظاہرین نے وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی اور دھرنا دے دیا۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسوگیس کی شیلنگ اور بدترین لاٹھی چارج کیا، جس سے رکن سندھ اسمبلی صداقت حسین زخمی ہوگئے، اور انہیں زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بدترین لاٹھی چارج سے دھرنے میں موجود خواتین اور بچوں کی طبیعت انتہائی خراب ہو گئی، اور متعدد مظاہرین بے ہوش ہو گئے، جنہیں نیم بے ہوشی کے عالم میں گاڑیوں میں بٹھا کر وہاں سے روانہ کر دیا گیا، پولیس ذرائع کے مطابق دھرنے کے مقام سے 10 سے زائد کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایم کیو ایم کے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کا کہنا ہے کہ ہمارے پرامن مظاہرین پر بدترین شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا، پولیس تشدد کررہی ہے، مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں، ہمیں وارننگ کے بغیر لاٹھی چارج کردیا گیا۔