وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میڈیا میں عثمان بزدار کے خلاف جیسے مہم چلائی گئی، میں نے کسی وزیراعلیٰ کے خلاف ایسے مہم چلتے نہیں دیکھی، لیکن پھر بھی وہ نمبر ون وزیراعلیٰ بن کر سامنے آئے۔
اسلام آباد میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجراء کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جتنی مہم عثمان بزدار کے خلاف چلی شاید ہی کسی وزیراعلیٰ کے خلاف چلی ہو، مگر سروے آیا تو وہ سب سےکامیاب وزیراعلیٰ تھے۔
انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ کیلئے ساڑھے چار سو ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، کوئی اتنے بڑے فلاحی پروگرام کے قریب بھی نہیں پہنچا، ہیلتھ سسٹم میں جو کام ہماری حکومت کرنے جا رہی ہے شاید ہی کسی ملک میں ہوا ہو۔
یاد رہے کہ 23 جنوری 2022ء کو عوام کے ساتھ لائیو کال سیشن میں بھی وزیراعظم عمران خان کا میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میڈیا بیلنس رپورٹنگ کرے، مہنگائی کا بتائیں لیکن یہ بھی بتائیں کہ دیگر ممالک میں کیا حالات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ رات کو ٹی وی شوز دیکھیں تو ایک ہماری پارٹی کا کمزور بندہ بٹھا لیا جاتا ہے، اور اینکر دیگر شرکاء کے ساتھ مل کر کہنے لگ جاتا ہے کہ بہت برے حالات ہو گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ تنقید ضرور کریں، لیکن فیک نیوز یا پراپیگنڈا نہیں کرنا چاہیے۔