کراچی میں ایم کیو ایم کے دھرنے پر پولیس کے بدترین تشدد کے بعد متحدہ قومی موومنٹ نے آج یوم سیاہ منانے کا اعلان کر دیا ہے۔
کراچی میں ایم کیو ایم کے دھرنے پر پولیس کے تشدد کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ سندھ پولیس کا ایم کیو ایم کی ریلی پر تشدد، یہ ڈنڈے جو ان پر برسائے گئے ان کے ہی پیسوں سے خریدے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم عمران خان فوری کراچی آئیں، وزیراعظم کو آج فیصلہ کرنا ہے کہ وہ پاکستان توڑنے والوں کے ساتھ ہیں یا پاکستان بچانے والوں کے ساتھ ہیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے فوری طور پر آئی جی سندھ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا اور کہاکہ ہم لڑنا نہیں چاہتےلیکن سب کو پتہ ہے ہم لڑنا جانتے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ آصف زرداری اگر وزیراعلیٰ کوکنٹرول نہیں کرتے تو بلاول ہاؤس بھی کراچی میں ہی ہے، آج وزیراعلیٰ ہاؤس پر نہتے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کرکے کراچی کے منہ پر کالک ملنے کی کوشش کی گئی ہے۔
انہوں نے پولیس کے تشدداور کارکنان کی گرفتاریوں پر آج 27 جنوری 2022ء یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا۔