وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ میں خیبر پختونخوا کو حق نہیں دیا جا رہا، مرکز اور دیگر صوبوں سے اپنے حقوق لیکر رہیں گے۔
بنوں میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ ماضی میں پارٹی ورکرز کو نظر انداز کیا گیاہے لیکن اب ان کوآگے لانے کا وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا پیغام لیکر شمالی وزیرستان کے ورکرز کے سامنے کھڑا ہوں، پی ٹی آئی کی تنظیم سازی ورکرز کی مشاورت سے مکمل کریں گے۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں گروپنگ کو نہیں مانتا، اختلاف پیدا کرنے والے کسی دوسری پارٹی میں چلے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات مشکل ہیں، لیکن یہ جیتنا عمران خان اور پی ٹی آئی کے مستقبل کا سوال ہے۔
مہنگائی کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے ملکی ذخائر 15 ارب ڈالر تھے، جو آج 30 ارب ڈالر ہیں ، لوگ کہتے ہے کہ مہنگائی ہے وہ دیگر ملکوں کے دوستوں سے پوچھیں کہ وہاں کیا صورتحال ہے۔ دال گھی چینی وغیرہ سب باہر سے درآمد ہو رہے ہیں، وہ ہمیں مفت تو نہیں دے رہے، عالمی سطح پر مہنگائی کا اثر یہاں بھی پڑتا ہے۔
پرویز خٹک کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر سے مہنگائی کا سوال کرنے پر صحافی کو گالیاں ملتی ہیں، ہمارے پیچھے پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے، ورکرز عوام کے ساتھ مہنگائی پر بحث کریں، میدان خالی نہ چھوڑیں۔