بلوچستان میں ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں مقامی رضاکار فورس کے 4 اہلکار جاں بحق اور لیویز اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دھماکہ ڈیرہ بگٹی کے قریب سوئی کے علاقے مٹ موندرانی میں نامعلوم افراد کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگ کے باعث ہوا۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہیں لیویز اہلکاروں سمیت قانون نافذ کرنےوالے اہلکار جائے وقوعہ پر پنچ گئے، اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بم دھماکے کی مذمت کی اور امن فورس کےرضا کاروں کی شہادت پر دلی رنج و غم اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہدا نے قیام امن کیلئے جانیں قربان کیں، امن کے دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی کی ہے، دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
دوسری جانب سینیٹر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچ ری پبلیکن آرمی کے دہشت گرد حملے میں ملوث تھے۔ حکومت مذاکرات کے نام پر ہم سے مذاق کر رہی ہے۔