وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک ترمیمی بل کی سینیٹ سے منظوری پر یوسف رضا گیلانی اور پیپلز پارٹی کے شکر گزار ہیں، انہوں نے پس پردہ حکومت کا ساتھ دیا۔
آج لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آج اس بل کی منظوری سے اپوزیشن کو ایک مرتبہ پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا، جو اپوزیشن قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لانے کا خواب دیکھ رہی تھی، اسے پتہ چل گیا ہے کہ اس کا خواب اس ایوان میں بھی پورا نہیں ہوا جہاں انہیں نام نہاد اکثریت حاصل تھی، کہیں ایسا نہ ہو کہ اپوزیشن ایک دوسرے کے ہی کپڑے پھاڑ ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں اپوزیشن اکثریت کے باوجود بل روکنے میں ناکام رہی۔
![Info Minister CH Fawad Hussain Addressing Press Conference in LHR](https://sabirshakir.com/wp-content/uploads/2022/01/Fawad-1.jpg)
فواد چوہدری نے کہا کہ میڈیا اپوزیشن کو لفٹ نہ کروائے تو ان کے پاس کوئی سکیم موجود نہیں جس پر وہ سیاست کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی شکست نے اپوزیشن کے سیاسی ناکارہ پن پر مہر لگا دی ہے، اس بری شکست کے بعد اپوزیشن کچھ دن تک سکون میں رہے گی۔
اپوزیشن بھان متی کا کنبہ
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن بھان متی کا کنبہ ہے، ن لیگ میں لیڈر شپ کی لڑائی ہے، پیپلز پارٹی میں کسی کو پتہ نہیں کہ کس نے کیا بات کرنی ہے، مولانا فضل الرحمان ریلو کٹے ہیں، کبھی وہ پیپلز پارٹی اور کبھی ن لیگ کے ساتھ ہوتے ہیں، وہ حلوہ اور اپنا منجن فروخت کرنے کے چکر میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی ناکارہ حکمت عملی کے نتیجے میں ایک اور شکست ان کا مقدر بنی۔ پاکستان تحریک انصاف نے ایک مرتبہ پھر اپنی برتری سینیٹ میں ثابت کر دی ہے۔
قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کا خواب دیکھنے والے آج سینیٹ میں بھی ناکام ہوگئے جہاں انکی نام نہاد اکثریت ہے یہ اپوزیشن صرف شکست خوردہ بھان متی کا کنبہ ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات @fawadchaudhry pic.twitter.com/xmNUE0yhQM
— PTI (@PTIofficial) January 28, 2022
وفاقی وزیر اطلاعات نے بل کی منظوری پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس بل کی منظوری کے بعد اسٹیٹ بینک آزاد ادارہ ہوگا، اس کا ایک طاقتور بورڈ ہوگا جو پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہو جاتی ہے، جو ادارے پاکستان کے ساتھ لین دین کرتے ہیں انہیں استحکام ملتا ہے۔
یوسف رضا گیلانی اور پیپلز پارٹی کا شکریہ
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی اور پیپلز پارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے بل کی منظوری میں ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا کچھ پتہ نہیں، یہ ایک دن کچھ ہوتی ہے اور دوسرے دن کچھ، اس بات کی فکر ہے کہ آپس میں لڑ کر ایک دوسرے کے کپڑے نہ پھاڑ لیں۔
نواز شریف خود نہیں آرہے انہیں لایا جا رہا ہے
ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف واپس آ نہیں رہے، انہیں لایا جا رہا ہے، لندن میں کوئی ریستوران ایسا نہیں جہاں وہ نہ گئے ہوں، نواز شریف کی دونوں اپیلیں مسترد ہو گئی ہیں، اب انہیں لگ رہا ہے کہ وہاں کی عدالتیں طویل عرصہ انہیں سہارا نہیں دیں گی اس لئے ایسی گفتگو شروع کرنے کی کوشش کی گئی کہ وہ خود آ رہے ہیں بلکہ سچ یہ ہے کہ وہ خود نہیں آ رہے انہیں لایا جا رہا ہے۔