چین کی تائیوان میں مداخلت پر امریکہ کو فوجی تصادم کی دھمکی

29  جنوری‬‮  2022

چین نے تائیوان کے علیحدگی پسندوں کی پشت پناہی پر امریکہ کو فوجی تصادم کی دھمکی دی ہے۔

امریکی جریدے نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں چین کے سفیر کن گینگ نے کہا ہے کہ امریکہ تائیوان میں علیحدگی پسندوں کی نہ صرف پشت پناہی کر رہا ہے، بلکہ انہیں علیحدگی کیلئے باقاعدہ طور پر ابھارا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ نے اپنی روش نہ بدلی، اور تائیوان کے علیحدگی پسند بھی اسی رستے پر گامزن رہے تو مستقبل میں امریکہ کے ساتھ خوفناک فوجی تصادم ہو سکتا ہے، جس کے تباہ کن نتائج ہوں گے۔

چینی سفیر نے امریکہ کے چین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات کو اس صدی کا سب سے بڑا جھوٹ قرار دیتے ہوئے امریکہ سے مطالبہ کیا کہ ایسے بے بنیاد الزامات سے گریز کیا جائے۔

دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ  تائیوان کی سرحد پر چین کی فوجی سرگرمیاں تشویش ناک ہیں۔چینی طیاروں کی تائیوان کی فضائی حدود میں پروازیں  خطے کے امن اور استحکام کیلئے خطرہ ہے۔ امریکہ تائیوان کی حمایت میں ثابت قدم ہے اور دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

رواں مہینے امریکہ کی عالمی تعلقات کی کمیٹی کے ممبر  مائیکل میکول نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ چین اپنے بیجنگ سرمائی  اولمپکس کے بعد تائیوان پر حملہ کردے گا۔

یاد  رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں ہونے والی پہلی امریکی اور چینی صدور کی ورچوئل میٹنگ میں چینی صدر شی جن پنگ کا جوبائیڈن کوواضح الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تائیوان کے علیحدگی پسند اور امریکہ میں اس کے حامی دونوں آگ سے کھیل رہے ہیں، اگر امریکہ نے تائیوان میں مداخلت نہ روکی تو اس کے تباہ کن نتائج ہوں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved