بالاکوٹ پر مضحکہ خیز حملے کے دعوے کے باعث بھارت کو عالمی سطح پر شرمندگی اٹھانا پڑی، امریکی رپورٹ

29  جنوری‬‮  2022

امریکی ادارے کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت نے فروری 2019ء میں بالاکوٹ پر فضائی حملے میں ایک مدرسے کو نشانہ بنانے کا حقائق کے منافی دعویٰ کیا تھا جس سے بھارت کو عالمی سطح پر شرمندگی اٹھانا پڑی۔

امریکی این جی او کے تھنک ٹینک اور نیشنل بیورو آف ایشین ریسرچ کیلئے یونائیٹڈ اسٹیٹس آف پیس کے سینیئر مشیر برائے جنوبی ایشیا پروفیسر ڈینیئل مارکی نے ایک تحقیقی رپورٹ میں بھارت کے لبرل اور جمہوری ہونے کے دعووں کا جائزہ لیا گیا ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ میں ڈینیئل مارکی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حدود میں بالاکوٹ فضائی حملے میں عسکریت پسندوں کے کیمپ کو تباہ کرنے اور ایک پاکستانی F-16 کو مار گرانے کے بے بنیاد دعوؤں نے امریکہ میں بھارت کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا اور بھارت کی مواصلاتی حکمت عملی اور استعداد پر سوالیہ نشان کھڑا کردیا ہے۔

ڈینیئل مارکی نے مزید کہا کہ فروری 2019ء کے بالاکوٹ فضائی حملے کے بارے میں مودی سرکار کے بلند و بانگ دعووں سے بڑی سطح پر بھارت میں عوامی غلط فہمی پیدا ہوئی، جس نے ایک غیر معمولی اور خطرناک علاقائی صورتحال سے نمٹنے کی بھارتی صلاحیت پر سوالات اٹھا دیئے ہیں۔

تحقیقاتی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگرچہ بھارت تاحال پاکستان میں اپنی ناکامی کو تسلیم کرنے سے انکاری ہے، لیکن بھارتی دعووں کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔ لیکن دوسری جانب امریکی دفاعی ماہرین اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان نے ایک بھارتی طیارہ مار گرایا تھا جس کے پائلٹ ابھی نندن کو پکڑ کر بعد میں واپس بھارت بھیجا گیا تھا۔

یاد رہے کہ مودی سرکار نے نام نہاد پلوامہ حملے کے بدلے کیلئے بالاکوٹ میں ایک بے بنیاد فضائی آپریشن کا دعویٰ کیا تھا، جس میں بھارتی حکومت کا کہنا تھا کہ ہمارے 12 میراج طیاروں نے بالا کوٹ میں موجود جیش محمد کے کیمپ پر فضائی حملہ کر کے 350 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے، اور تمام طیارے بحفاظت واپس لوٹ گئے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved