کسی کو بھی افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، طالبان

30  جنوری‬‮  2022

افغانستان کے عبوری نائب وزیراعظم عبدالسلام حنفی نے مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ افغان سرزمین پاکستان سمیت کسی بھی ہمسایہ ممالک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

افغانستان کےعبوری نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری پالیسی بالکل واضح ہے، ہم کسی کو بھی افغان سرزمین ہمسایہ ممالک سمیت کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

کابل میں مشیر سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کے ساتھ وفد کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں عبدالسلام حنفی نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ دیگر ممالک بھی اسی پالیسی اور عالمی مروجہ قوانین پر سختی سے کاربند رہیں گے۔

کابل – پاک افغان وفد کی ملاقات

کابل میں موجود افغان صدارتی محل سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عبدالسلام حنفی نے پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں پر زور دیا  ہے کہ وہ افغانستان میں توانائی، کان کنی اور زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔

انہوں نے ترکمانستان – افغانستان– پاکستان– بھارت گیس پائپ لائن (تاپی)، ترکمانستان-افغانستان-پاکستان 500 کے وی لائن  منصوبوں اور سینٹرل ایشیا ساؤتھ ایشیا الیکٹرک ٹرانسمیشن اور ٹریڈ پروجیکٹ افغانستان اور پاکستان کیلئے وسطی ایشیائی ممالک سے توانائی کی درآمد سمیت دیگر بڑے علاقائی منصوبوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

افغانستان کےعبوری  نائب وزیراعظم نے افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان  دو برادر ہمسایہ ممالک ہیں، جن کے تاریخی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات ہیں اور میں پر امید ہوں کہ یہ دوستانہ تعلقات مزید پائیدار ہوں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved