وزیر اعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے، شیخ رشیدنے حکومتی پالیسی پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
مشیر برائے احتساب بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی وزارت داخلہ میں اپنےدفتر پہنچے اور عہدے کا چارج سنبھالا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم کے سابق مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے استعفیٰ دیا تھا اور سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا تھا امید ہے کہ عمران خان کی زیر قیادت احتساب کا عمل جاری رہے گا۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے شہزاد اکبر کے استعفے کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ شہزاد اکبر نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے وکالت کے کیرئیر کو زیادہ وقت دینا چاہتے ہیں۔
شیخ رشید اور مصدق عباسی کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے وزارت داخلہ میں کام کے طریقہ کار پرتبادلہ خیال کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیرداخلہ شیخ رشید اور مشیر احتساب اور داخلہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حکومت کی بدعنوانی کے خلاف کارکردگی کو مزید فعال بنایا جائے گا۔