اسرائیلی صدر کے دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران حوثی باغیوں کا پھر ابو ظہبی پر میزائل حملہ

31  جنوری‬‮  2022

اسرائیلی صدر کے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران یمن کے حوثی باغیوں نے ابو ظہبی پر میزائل حملہ کیا ہے، جسے امارات کی فورسز نے ناکام بنا دیا ہے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ میزائل حملہ آج علی الصبح کیا گیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ امارات کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فضائی فورسز نے حملے کو روکتے ہوئے حوثی باغیوں کے بیلسٹک میزائل کو فضاء میں ہی تباہ کردیا ، جس  کا ملبہ آبادی سے دور گرا، اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

وزارت دفاع کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فضائیہ اور اتحادی قیادت نے کامیابی سے دشمن کی جگہوں کی نشاندہی کرنے کے بعد یمن میں میزائل لانچنگ کی جگہ اور پلیٹ فارم کو تباہ کردیا ہے۔

یاد رہے کہ 17 جنوری 2022ء کو حوثی باغیوں نے ابو ظہبی پر ڈرون اور میزائل حملہ کیا تھا، جس میں ایک پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ یہ ابو ظہبی پر تاریخ کا سب سے بڑا حملہ تھا، جس کے چند روز بعد حوثی باغیوں نے ابو ظہبی پر دوسرا میزائل حملہ بھی کیا، جسے اماراتی حکام کے مطابق امریکہ کی معاونت سے ناکام بنا دیا گیا۔ رواں مہینے ابوظہبی پر حوثی باغیوں کا یہ تیسرا میزائل حملہ ہے، جو ایسے وقت میں کیا گیا جب اسرائیلی صدر امارات کا پہلا تاریخی دورہ کر رہے ہیں۔

اس حملے کے بعد اسرائیلی صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی صدر شیڈول کے مطابق اپنا دورہ جاری رکھیں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved