سابق مس امریکہ چیسلی کرسٹ کی خود کشی، انسٹا گرام پر آخری پیغام توجہ کا مرکزبن گیا

31  جنوری‬‮  2022

سابق مس امریکہ  30 سالہ چیسلی کرسٹ نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر کثیر منزلہ عمارت سے چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا ہے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق چیسلی کرسٹ نے  نیویارک کے پرتعیش علاقے منہٹن کی 60 منزلہ بلند و بالا عمارت سے چھلانگ لگائی اور موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔

نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق چیسلی کرسٹ 60 منزلہ عمارت منہٹن میں رہائش پذیر تھیں، جبکہ ان کا فلیٹ نویں منزل پر تھا، تاہم زندگی کے آخری لمحات میں انہیں 29 ویں منزل پر دیکھا گیا۔ امریکی پولیس کے مطابق بھی چیسلی کرسٹ نے عمارت کی 29 ویں منزل سے کود کر زندگی کا خاتمہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیسلی نے جس وقت عمارت سے چھلانگ لگائی، اس وقت وہ اپنے فلیٹ پر اکیلی تھیں، اور 31 جنوری کی صبح 7 بجے ان کی لاش کی تصدیق کی گئی۔

چیسلی کرسٹ نے خودکشی سے کچھ گھنٹے قبل ہی اپنی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے ایک دلخراش پوسٹ بھی کی تھی، جس میں انہوں نے کہا کہ شاید آج کا دن میرے لئے سکون اور آرام ساتھ لے آئے۔

سابق مس امریکہ چیسلی کرسٹ ماضی میں ڈپریشن اور ذہنی پریشانی  سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کرتی رہی ہیں، 2019ء میں انہوں نے خوداعتراف کیا تھا کہ وہ کافی عرصے تک ڈپریشن کا شکار رہی ہیں۔

چیسلی کرسٹ کی خود کشی  پر مس ورلڈ کے ٹوئٹر ہینڈل سے بھی ان کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا جب کہ دنیا بھر کی حسیناؤں نے بھی ان کی موت پر گہرے دکھ کا افسوس کیا ہے۔

نیویارک پولیس کا کہنا ہے کہ چیسلی کرسٹ کی موت خودکشی تھی یا حادثہ، پوسٹ مارٹم رپورٹ اور ابتدائی تحقیقات  کے بعد وجہ سامنے آئے گی۔

یاد رہے کہ چیسلی کرسٹ 2019ء  میں امریکہ کی خوبصورت ترین دوشیزہ قرار پائی تھیں، اس سے قبل ریاست کیرولینا کی خوبصورت ترین لڑکی کا ٹائٹل بھی چیسلی کے پاس رہ چکا ہے۔ وہ چند سیاہ فام دوشیزاؤں میں سے تھیں، جنہوں نے خوبصورتی کا مقابلہ اپنے نام کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved