وفاقی وزیر مملکت کا کہنا ہے کہ شوکت ترین کو جلد سینیٹر منتخب کر الیں گے، عدالت سے اسحاق ڈار کاسٹے آرڈر ختم کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار ملک سے باہر بیٹھ کر سینیٹر منتخب ہو گئے ہیں اور وہ اب حلف اٹھانے کو بھی تیار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکم امتناعی جاری بھی ہوتے ہیں اور ختم بھی ہو جاتے ہیں، ہم نے قانون سازی کر دی ہے، اب 60 روز کے اندر یاتو حلف اٹھانا ہو گا یا نشست خالی کرنی ہو گی۔
وزیر مملکت اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ شوکت ترین کی امریکہ سے وطن واپسی پر وزیراعظم ان کے متعلق حتمی فیصلہ کریں گے کہ انہیں کہاں سے منتخب کرانا ہے، تب تک وہ بطور مشیر خزانہ اپنا کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے فیصل جاوید کی نشست خالی کرانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی آپشن زیر غور نہیں۔