بلوچستان کے ضلع نوشکی اور پنجگور میں متعدد دھماکوں کے بعد شدید فائرنگ کی گئی ہے، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی کے بازار اور پنجگور کے گھوڑا چوک میں بم دھماکوں کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ ایف سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نوشکی میں دھماکہ ایف سی عمارت کے قریب دھماکہ ہوا ہے، جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
بلوچستان پولیس کے مطابق دھماکوں سے اردگرد کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، اور علاقہ مکین شدید خوف ہراس کا شکار ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ابتدائی تفصیلات کے مطابق فی الحال سرکاری ذرائع سے کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
یاد رہے کہ حالیہ مہینوں میں بلوچستان کے اندر دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، گزشتہ مہینے کیچ میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملے سے 10 جوان شہید ہو گئے تھے۔