بھارتی حکومت نے اجمیر شریف عرس پر روانگی کے منتظر پاکستانی زائرین کو عین وقت پر بھارت کے ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ شرائط اورکورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کے باوجود بھارت کی جانب سے ویزے جاری نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے مزار مقدس پر حاضری کے خواہشمند مسلمانوں کے ویزے روک کر ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ پیر نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ بھارت کا یہ رویہ وزارت خارجہ کی سطح پر اٹھایا جائے گا۔
یاد رہے کہ خواجہ معین الدین چشتی کے سالانہ عرس کیلئے پاکستانی زائرین کوآج بھارت کے شہر اجمیر شریف روانہ ہونا تھا۔