حوثی باغیوں کے حملے، امریکہ کا متحدہ عرب امارات کو دفاع کیلئے جنگی طیارے بھیجنے کا اعلان

2  فروری‬‮  2022

یمن سے حوثی باغیوں کے میزائل حملوں کے بعد امریکہ نے متحدہ عرب امارات کو دفاع کیلئے جنگی طیارے بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے  کہ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن اور ابو ظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے بعد متحدہ عرب امارات کے خلاف موجودہ خطرے کو روکنے میں مدد دینے کیلئے امریکہ نے جدید جنگی جہازبھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خلیجی جریدے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے دفاع کیلئے گائیڈڈ میزائلوں کو تباہ کرنے والے جدید جنگی طیارے امارات بھیجے جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ کی جانب سے امارات میں دفاع کیلئے جدید ترین F-22 اور F-35 طیارے بھیجے جائیں گے، جو حوثی باغیوں کے پاس موجود میزائلوں کے دفاع کیلئے کافی ہوں گے۔

یاد رہے کہ رواں برس حوثی باغیوں نے یمن سے ابو ظہبی پر 3 بڑے میزائل حملے کئے ہیں، جس میں ڈرونز کا بھی استعمال کیا گیا تھا، پہلے حملے میں ایک پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ اماراتی حکام کے مطابق بعد ازاں کئے گئے 2 حملوں کو عرب اتحادی افواج نے امریکہ کی معاونت سے ناکام بنا دیا تھا۔ علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات نے امریکہ سے حوثی باغیوں کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved