امریکی فورسز کا شام میں آپریشن، داعش کا سربراہ ابو ابراہیم ہلاک

3  فروری‬‮  2022

امریکی فورسز کے شام کے شمالی علاقے میں آپریشن کے دوران داعش کا سربراہ ابو ابراہیم الہاشمی ہلاک ہو گیا ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن کا ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہنا تھا کہ میری ہدایت پر امریکی افواج نے ایک کامیاب آپریشن کیا ہے جس میں داعش کے سربراہ ابو ابراہیم الہاشمی کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فورسز کے آپریشن کے دوران داعش سربراہ نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، جس کے باعث ان کے اہل خانہ سمیت 13 افراد ہلاک ہو گئے۔  ہلاک ہونے والوں میں 4 بچوں اور 3 خواتین سمیت 7 عام شہری بھی شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کاروائی شام کے شہر ادلب کے علاقے اطمہ میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے امریکی ائیرپورٹ کو علاقے میں اترتے دیکھا تو سب خوفزدہ ہو گئے۔ امریکی فوجیوں نے علاقے میں اتر کر اعلان کیا کہ پریشان نہ ہوں، ہم آپ کو دہشت گردوں سے بچانے کیلئے صرف اس گھر کی طرف آ رہے ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر اترتے ہی دھماکے کی آواز سنائی دی، پھراس کے بعد ایک اور زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکوں کے بعد امریکی فوجی آس پاس کے گھروں کی تلاشی لیکر واپس چلے گئے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکی صدر، نائب صدر اور قومی سلامتی کمیٹی کے اراکین اس آپریشن کو براہ راست دیکھ رہے تھے، جس کے بعد داعش سربراہ کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی۔ امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ تمام امریکی فوج کامیاب آپریشن کے بعد واپس بحفاظت لوٹ گئے ہیں۔

یاد رہے کہ داعش کے بانی ابوبکر البغدادی کو 2019ء میں امریکی افواج نے ایک خصوصی آپریشن میں ہلاک کر دیا تھا، جس کے بعد ابو ابراہیم الہاشمی داعش کی قیادت کر رہے تھے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ داعش کے بانی سربراہ کی ہلاکت کے بعد یہ امریکی فورسز کا داعش کے خلاف دوسرا بڑا آپریشن ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved