ریاست مدینہ میں جو جرنیل اچھی کارکردگی دکھاتا تھا، وہی اوپر آتا تھا، وزیراعظم

19  اکتوبر‬‮  2021

اسلام آباد میں قومی رحمت للعالمین  ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ میں انصاف اور میرٹ کی بالادستی تھی، جو جرنیل اچھی کارکردگی دکھاتا وہی اوپر آتا تھا۔بڑا عہدہ ملنا کسی کا بھی پیدائشی حق نہ تھا، حضرت بلالؓ جو پہلے غلام تھے وہ وزیر خزانہ بن گئے، جس میں بھی صلاحیت ہوتی وہ ترقی کرتا تھا، انہوں نے لیڈرز پیدا کئے، سارے صحابہؓ لیڈر بن گئے۔

90 لاکھ پاکستانی بیرون ملک ہیں، صرف 40 ہزار پاکستان میں سرمایہ کاری کر لیں تو ہمیں آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں رہے گی

ملکی قرضوں کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ  90 لاکھ پاکستانی بیرون ملک مقیم ہیں ، اگر ان میں سے صرف 30 یا 40 ہزار ہی پاکستان میں آکر سرمایہ کاری کرلیں تو ہمیں آئی ایم ایف کی ضرورت ہی نہ پڑے، ایک ایسے پاکستانی کو جانتا ہوں جس اکیلے کے پاس اتنا پیسہ ہے جتنا ہمارا آئی ایم ایف کا قرضہ ہے، وہ ترستے ہیں پاکستان آنے کیلئے لیکن پاکستان کا نظام انہیں یہاں نہیں آنے دیتا۔

قانون کی بالادستی قائم کئے بغیر جمہوریت قائم نہیں ہو سکتی

وزیراعظم عمران خان کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ہماری سب سے بڑی جنگ قانون کی بالادستی کو قائم کرنا ہے، جب تک ہم  یہ جنگ نہیں جیتیں گے، ملک میں صحیح جمہوریت نہیں آ سکتی،  اور نہ خوشحالی آ سکتی ہے، میں قانون کی بالادستی کیلئےآخری دم تک لڑوں گا کیونکہ ریاست مدینہ میں طاقتوروں کوقانون کےنیچےلایاگیا، جب تک طاقتورقانون کےنیچےنہیں آتا۔

بالی وڈ کے کلچر سے ہمارا خاندانی نظام تباہ ہو جائے گا

وزیراعظم نے کہا کہ ہالی ووڈ اوربالی ووڈسےجوکلچرآرہاہےاس سےہمارا خاندانی نظام  بالکل تباہ ہوجائے گا، ملک میں تیزی سے جنسی جرائم بڑھ رہے ہیں جو کہ معاشرے کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے، باہرکےملکوں میں اب ڈھائی سال سےزیادہ شادی نہیں چلتی کیونکہ وہاں فحاشی عام ہے، برطانیہ میں جب خاندانی نظام ٹوٹ گیا تب انہیں سمجھ آیا کہ پردے کا تصور کیوں ضروری ہے، ہم نے اپنے بچوں کو بچانا ہے، ان کے پاس موبائل فون ہےجس پر ہر طرح کی انفارمیشن ہے ایسی معلومات تاریخ میں کبھی بچوں کو میسر نہیں تھیں۔ ہم بچوں سے زبردستی موبائل فون تو نہیں لے سکتے نہ ہی سوشل میڈیا بند کر سکتے ہیں لیکن کم از کم بچوں کی تربیت تو کرسکتے ہیں، انہیں اس کلچر کے نقصانات تو بتاسکتے ہیں۔

لندن میں قطری خط پیش کیا جاتا تو جیل ہو جاتی

اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لندن میں عوام کا پیسہ چوری کرنے والا پارلیمنٹ تو کیا میڈیا میں بھی  منہ نہیں دکھا سکتا، پاناما کیس میں کس طرح کے جھوٹ بولےگئے، لندن میں اگر اس طرح  قطری خط پیش کیا جاتا تو فوری جیل ہوجاتی۔

سوا کروڑ خاندانوں کو سبسڈی دیں گے

ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے اعلان کرتے ہوئے کہا  کہ جلد سوا کروڑ خاندانوں کو کھانے پینےکی اشیا کیلئے رقم دیں گے اورگندم پر بھی سبسڈی دیں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved