وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں نے ملک میں پائیدار معاشی ترقی کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کی چین کے قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کے چیئرمین سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سی پیک کے جاری منصوبوں اور مستقبل کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون اور پارٹنرشپ لازوال ہے، کوویڈ کے باوجود، دونوں اطراف کے مشترکہ تعاون کی وجہ سے سی پیک کے تمام منصوبوں پر کام بتدریج آگے بڑھا، بیلٹ اینڈ روڈ کے فلیگ شپ منصوبے کے تحت سی پیک پاکستان اور چین دونوں کے لیے سٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے، یہ منصوبہ دونوں ممالک کے عوام کو ٹھوس فوائد پہنچا رہا ہے۔
چیئرمین این آر ڈی سی نے کہا کہ چین سی پیک کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس کی مستحکم پیشرفت اور ترقی کے لیے پرعزم ہے، چین گزشتہ سات سالوں میں پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ کاری اور تجارتی شراکت دار بن گیا ہے۔