گوجرانوالہ کے رہائشی ثناءاللہ نے کہا ہے کہ اس کی بیوی نے میرے علاوہ اور کئی جگہ نکاح کر رکھے ہیں، جس کے خلاف درخواست دینے پر بیوی نے دوست کے ساتھ مل کر مجھ پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
تفصیلات کے مطابق ثناءاللہ نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ گزشتہ برس اس کا عظمیٰ بی بی سے نکا ہوا تھا، جس کے بعد میری بیوی مختلف بہانوں سے میکے چلی جاتی تھی۔ بیوی کے بار بار والدہ کے گھر جانے پر مجھے شک ہوا تو میں نے اس کے متعلق معلومات حاصل کیں تو پتا چلا کہ عظمیٰ والدہ کے گھر نہیں ہے۔
ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ مزید جانچنے پر مجھ پر یہ انکشاف ہوا کہ یہ ایک گروہ ہے جو مل کر ایسی واردات کرتے ہیں، کیونکہ میری بیوی نے میرے علاوہ 10 نکاح اور کر رکھے تھے، جو ایک اشٹام فروش عطاءاللہ نے کروائے تھے۔
درخواست گزار ثناءاللہ نے مزید بتایا کہ عظمیٰ بی بی نے حافظ آباد، سیالکوٹ، لاہور، گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں نکاح کر رکھے ہیں، جن کی ویڈیوز بھی مجھے مل گئی ہیں۔ ثناءاللہ نے مزید بتایا کہ جب میری بیوی کو یہ معلوم ہوا کہ حقائق میرے پاس پہنچ گئے ہیں تو اس نے مجھے کوٹ اسحاق بلایا اور اپنے ساتھیوں کی مدد سے مجھ پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ میرا تمام جسم جھلس گیا ہے، عظمیٰ بی بی نے فہد اور شبیر کے ساتھ مل کر مجھے آگ لگائی ہے، جس کے بعد پولیس اس کا مقدمہ درج نہیں کر رہی۔