پشاور ہائیکورٹ نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ موخر کرنے کا حکم دیا ہے۔
یاد رہے کہ پشاور ہائیکورٹ میں ایک شہری نے برفباری اور سخت موسم کے باعث خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ری شیڈول کرنے کیلئے درخواست دی تھی۔
شہری کی درخواست پر پشاور ہائیکورٹ کے ایبٹ آباد بینچ نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات زیادہ تر پہاڑی علاقوں میں ہونے ہیں، جہاں مارچ میں برفباری اور سردی کے باعث انتخابات کا انعقاد بہت مشکل ہے۔
فیصلے میں عدالت کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق مارچ میں پہاڑی علاقوں میں برفباری اور بارشوں کا امکان ہے، اور موسم کی صورتحال کے متعلق خیبر پختونخوا حکومت اور محکمہ موسمیات نے الیکشن کمیشن کو مراسلہ بھی جاری کیا تھا، لیکن اس کے باوجودالیکشن کمیشن نے اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا۔
سخت موسم کے باعث ووٹرز کا گھروں سے نکلنا مشکل ہو گا، اس لئے رمضان کے بعد انتخابات کیلئے نیا شیڈول دیا جائے۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 18 اضلاع میں انتخابات 27 مارچ کو ہونے تھے۔