سیکیورٹی فورسز نے نوشکی اور پنجگور دہشت گرد حملوں میں ملوث نیٹ ورک کی کمر توڑ دی، 20 دہشت گرد ہلاک، علاقہ کلیئر

5  فروری‬‮  2022

سیکیورٹی فورسز نے نوشکی اور پنجگور حملوں کے بعد فالو اپ کلیئرنگ آپریشن میں 20 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کے افسران سمیت 9 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کئے گئے  بیان کے مطابق دہشت گردوں نے 2 فروری کو سیکیورٹی فورسز کے پنجگور، نوشکی کیمپوں پر حملہ کیا تھا، جس کا سیکیورٹی فورسز نے فوری جواب دیتے ہوئے دونوں مقامات پر دہشت گرد حملے ناکام بنائے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نوشکی میں 9  دہشت گرد مارے گئے، جبکہ  ایک افسر سمیت چار جوان شہید ہوئے۔ پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے 4 حملہ آور دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ چار کو گھیرے میں لیا گیا تھا، کلیئرنس آپریشن کے دوران گھیرے میں لیے گئے 4 دہشت گردوں کو بھی آج جہنم واصل کر دیا گیا ہے جبکہ پنجگور آپریشن میں 5 جوان شہید ہوئے اور 6 زخمی ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ  72 گھنٹوں پر مشتمل فالو اپ آپریشن کے دوران افسر سمیت 9 جوان شہید جبکہ 5 زخمی ہوئے، ان حملوں میں ملوث 3 دہشت گرد گذشتہ روز ہلاک کئے گئے جن میں دو ہائی ویلیو ٹارگٹ بھی شامل تھے۔

بیان کے مطابق نوشکی، پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ کلیئرنس آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 20 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ہر قیمت پر دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved