خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ میں 5 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کرم میں افغانستان سے دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورسز کی بھر پور جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں لانس نائیک، ضیاء اللہ خان، ناہید اقبال، سمیر اللہ خان اور سپاہی ساجد علی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے اور افغان عبوری حکومت سے مستقبل میں ایسی سرگرمیاں نہ ہونے کی توقع کرتا ہے۔
پاک فوج دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔