روس نے حملہ کیا تو یوکرائن کے دارالحکومت کا سقوط صرف دو روز میں ہو جائے گا، امریکی انٹیلی جنس رپورٹ

6  فروری‬‮  2022

امریکی انٹیلی جنس نے حکومت کو پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اگر روس نے حملہ کیا تو یوکرائن کے دارالحکومت کا سقوط صرف دو روز میں ہو جائے گا۔

امریکی انٹیلی جنس ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روس نے یوکرائن پر حملے کی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق روس نے جب بھی یوکرائن پر حملہ کیا تو یوکرائن کے دارالحکومت کیوو کا سقوط صرف 2 روز میں ہو سکتا ہے۔

گزشتہ مہینے بھی امریکی انٹیلی جنس نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ روس فروری میں یوکرائن پر حملہ کر دے گا۔ اس مقصد کیلئے روسی حکام نے سرحد پر فوج بھی تعینات کر دی ہے، اور اس کے ساتھ روسی افواج کی جنگی مشقیں بھی جاری ہیں۔

بعد ازاں روس نے امریکہ اور نیٹو ممالک کے ساتھ مذاکرات کے آغاز پر 10 ہزار فوجیوں کا دستہ سرحد سے واپس بلا لیا تھا، اور جنگی مشقیں بھی روک دی تھیں، لیکن مذاکرات میں ڈیڈ لاک کے بعد روس کے مغربی ممالک کے ساتھ تعلقات دوبارہ کشیدہ ہو گئے ہیں۔

انٹیلی جنس رپورٹ کے بعد امریکہ نے اپنی افواج کا دستہ پولینڈ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، جو سرد علاقوں میں جنگ کی مہارت رکھتا ہے۔

امریکی ایئربورن 18ویں ڈویژن کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ اس ڈویژن کی تعیناتی  کا مقصد یورپ میں امریکی افواج کو تقویت پہنچانا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا تھا کہ اتحادیوں کے دفاع کیلئے 3 ہزار فوجیوں کا دستہ بھی جلد یورپ بھیجا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ مہینے امریکی صدر نے 8500 فوجیوں کو یوکرائن تعیناتی کیلئے تیار رہنے کا حکم دیا تھا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved