پاکستان مسلم لیگ ن اور حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کا بیک ڈور رابطہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کی چوہدری برادران سے جلد ملاقات کا امکان ہے۔ شہباز شریف جلد چوہدری شجاعت کی عیادت کیلئے ان کی رہائش گاہ جائیں گے، جس میں چوہدری برادران کے ساتھ ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مسلم لیگ ن تحریک عدم اعتماد کیلئے ق لیگ سے تعاون بھی مانگیں گے۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کی جانب سے ملاقات کیلئے جمعرات کا وقت مانگا گیا ہے، تاہم ابھی ملاقات کا حتمی وقت طے نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد اور آج ایم کیو ایم کے وفد نے بھی چوہدری برادران سے ملاقات کی، جس میں مہنگائی اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔