تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کی حمایت کے متعلق کچھ کہنا ابھی قبل از وقت ہو گا، ایم کیو ایم

8  فروری‬‮  2022

ایم کیو ایم کے رہنماء عامر خان نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی صورت میں اپوزیشن کیساتھ تعاون کے متعلق کچھ کہنا ابھی قبل از وقت ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق آج ایم کیو ایم کے وفد نے لاہور میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں ملک کی سیاسی صورتحال، مہنگائی اور سندھ بلدیاتی ایکٹ کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایم کیو ایم کا وفد شہباز شریف سے ملاقات کر رہا ہے

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں شہباز شریف نے کہا میں نے ایم کیو ایم کے وفد کوکہا ہے کہ آپ کے آباؤ اجداد نے پاکستان کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں، آپ پہلے پاکستانی ہیں، پھر حکومت کے اتحادی ہیں۔ آج آپ کو پاکستانی بن کر سوچنا اور فیصلہ کرنا ہو گا، ورنہ قوم آپ سے سوال کرے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملاقات میں ہم نے ایم کیو ایم کے وفد کیساتھ تحریک عدم اعتماد سمیت مختلف آپشنز پر گفتگو کی۔ ایم کیو ایم کا وفد کراچی جا کر رابطہ کمیٹی سے مشاورت کرے گا، قوم توقع رکھتی ہے کہ وہ فیصلہ پاکستانی عوام کے حق میں ہو گا۔

صحافی کے سوال پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران میں نے عامر خان کے دل کی آواز سن لی ہے، زبان سے اقرار یہ رابطہ کمیٹی سے مشاورت کے بعد کریں گے۔

پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنماء عامر خان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف سے کی گئی گفتگو رابطہ کمیٹی کے سامنے رکھیں گے، پھر مشاورت سے فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ  اپوزیشن پہلے اپنا ایجنڈا طے کر لے، تحریک عدم اعتماد کیلئے تعاون کے متعلق کچھ کہنا ابھی قبل از وقت ہو گا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved