تحریک عدم اعتماد کے متعلق مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔
نجی نشریاتی ادارے کے ساتھ انٹرویو میں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا پہلا قدم ہو سکتا ہے۔ جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب اور پھر وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جا سکتی ہے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ اس وقت پنجاب اسمبلی اور قومی اسمبلی میں اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پرغور ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا مل کرچلنا قوم کیلئے ضروری ہے، کیونکہ بیرونی غلامی اور دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ہمیں مل کر بیٹھنا ہوگا۔
خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ یہ حکومت بیساکھیوں کے سہارے آئی اور اس کے آتے ہی دہشت گردی ،مہنگائی اور قرضے تیزی سے بڑھنا شروع ہوئے۔ عمران خان کی حکومت نہ دہشت گردی روک سکی اور نہ ہی مہنگائی جب کہ خارجہ پالیسی بھی ناکام رہی۔