فواد چوہدری اور فردوس عاشق نے جسٹس وقار کیخلاف بیان بازی پر معافی مانگ لی، ان کی قبر پر جا کر معافی مانگیں، عدالت کا حکم

9  فروری‬‮  2022

پشاور ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور فردوس عاشق اعوان کو جسٹس وقار سیٹھ کی قبر پر جا کر معافی مانگنے کا حکم دیا ہے۔

آج پشاور ہائیکورٹ میں  پرویز مشرف کو پھانسی کی سزا سنانے والی خصوصی عدالت کے جج وقار سیٹھ  کے خلاف وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس پر توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور فردوس عاشق اعوان نے عدالت میں پیش ہو کر اپنے بیانات پر عدالت سے غیرمشروط طور پر معافی مانگ لی۔

اس موقع پر جسٹس روح الامین کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی بھی معافی کو پسند کرتا ہے، لیکن جس شخص کی دل آزاری کی گئی ہو اس سے معافی مانگنا ضروری ہے۔ عدالت نے فواد چوہدری اور فردوس عاشق اعوان کو حکم دیا کہ آپ دونوں جسٹس وقار سیٹھ کی قبر پر جائیں اور ان سے معافی مانگ کر آئیں۔ آپ ذمہ دار لوگ ہیں، اگر آپ بھی ایسی زبان استعمال کریں گے تو عام آدمی سے کیا توقع کی جا سکتی ہے۔

عدالت نے فواد چوہدری اور فردوس عاشق اعوان کو تحریری حلف نامہ جمع کرانے کا حکم دیا اور کہا کہ آپ حلف نامہ جمع کرائیں پھر عدالت آرڈر جاری کرے گی۔

واضح رہے کہ اس توہین عدالت کیس میں سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان، سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر اور وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم پہلے ہی معافی مانگ چکے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved