اس وقت جو بھی عمران خان کو چھوڑے گا اسکی سیاسی حیثیت زیرو ہو جائے گی، فواد چوہدری

9  فروری‬‮  2022

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اس وقت جو بھی عمران خان کو چھوڑے گا اسکی اپنی سیاسی حیثیت زیرو ہو جائے گی۔

پشاور – (اے پی پی): آج پشاور پریس کلب میں رحیم اللہ یوسفزئی مرحوم اور ثناء اللہ مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتیں ہوں یا کوئی بھی سیاسی جماعت ہو، سیاست لوگوں نے اپنے مفاد کی کرنا ہوتی ہے، اس وقت عمران خان کو چھوڑ کر جو جائے گا اس کی اپنی سیاسی حیثیت زیرو ہو جائے گی۔ آپ دیکھیں گے کہ آنے والوں کی لائنیں لگ جائیں گی اور جانے والا آپ کو کوئی نہیں ملے گا۔

پاکستان میں میڈیا جتنا آزاد اور طاقتور ہے اس کی مثال نہیں ملتی

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ رحیم اللہ یوسفزئی سے میرا قریبی اور پرانا تعلق تھا، افغان امور پر وہ گہری دسترس رکھتے تھے۔ رحیم اللہ یوسفزئی کا سب سے اہم کام یہ تھا کہ وہ اپنی رپورٹنگ میں انٹگریٹی کو برقرار رکھتے تھے۔ انٹگریٹی کسی بھی رپورٹر کے لئے اہم ہے کہ اس کے اپنے جو بھی خیالات ہوں لیکن وہ رپورٹ وہ کرے جو اس کی آنکھ نے دیکھا ہو۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کچھ صحافیوں کی ذاتی پسند اور نا پسند اتنی بڑھ گئی ہے کہ انہوں نے فیک نیوز پھیلانا شروع کر دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں پریس طاقتور اور آزاد ہے، بہت کم ممالک کی ایسی مثال دی جا سکتی ہے جہاں میڈیا اتنا زیادہ آزاد ہو۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے باعث جہاں باقی معاشرے کے لئے مسائل پیدا ہوئے وہاں پریس کلب اور صحافیوں کے لئے بھی مسائل پیدا ہوئے، پشاور اور خیبر پختونخوا کے صحافیوں نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دی ہیں۔

سستے قرضے لیکر مہنگے قرضوں کی ادائیگیاں کر رہے ہیں

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا  کہ ہماری سیاسی جماعتوں میں بھی بونے بیٹھے ہوئے ہیں، ہماری سیاست میں سطحی لیول ہے، کچھ پولیٹیکل پارٹیوں کی اپنی ریسرچ اور سوچ نہیں ہے، پارلیمنٹ میں انہوں نے بحث شروع کی کہ آئی ایم ایف کا پروگرام نہیں لینا چاہئے لیکن اس کا متبادل پیش نہیں کیا کہ ہمیں کیا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ 1947ء میں پاکستان آزاد ہوا، اس وقت سے 2006ء تک ہم نے کل قرضہ چھ ٹریلین روپے لیا جس سے ہم نے اسلام آباد شہر بنایا، گوادر خریدا، فوج کو مضبوط بنایا، پاکستان کا سٹرکچر بنایا، موٹر ویز بنائیں لیکن 2008ء میں جب زرداری اور اس کے بعد نواز شریف آئے اور انہوں نے اپنے دس سالوں کے دوران 23 ٹریلین قرضہ لیا، اس رقم سے کیا کیا؟

انہوں نے کہا کہ آج ان کے لئے ہوئے اس قرضے کو ہمیں اتارنا پڑ رہا ہے، ہم سستے قرضے لے کر مہنگے قرضے ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس وقت ملک میں عمران خان کی حکومت ہے، خیبر پختونخوا کو کریڈٹ جاتا ہے کہ اس نے عمران خان کی صورت میں پاکستان تحریک انصاف کو موقع فراہم کیا اور پاکستان کی سیاست میں ٹو فیملی سسٹم کا خاتمہ کیا اور ملک میں سیاسی تبدیلی کو لیڈ کیا۔

فواد چوہدری  نے کہا کہ ہم نے پورے منظر نامے کو تبدیل کر کے رکھ دیا ہے، پاکستان میں سیاسی استحکام نہیں تھا، آج پہلی مرتبہ عمران خان تمام اداروں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، ہم نے کبھی تصادم کی سیاست نہیں کی، آج تمام ادارے عمران خان کے ویژن کو سمجھتے ہیں، تمام ادارے حکومت کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلتے ہیں، یہ وہ کامیابیاں ہیں جو عمران خان اور تحریک انصاف نے سمیٹی ہیں اور اسی وجہ سے پاکستان استحکام کی طرف جا رہا ہے۔

ن لیگ سے شریف فیملی کا خاتمہ ہو رہا ہے

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ٹرانسفارمیشن کے عمل سے گذر رہی ہیں، پی ایم ایل این میں شریف فیملی کا اقتدار ختم ہو رہا ہے اس کے بعد کون پی ایم ایل این میں سامنے آتا ہے، پیپلز پارٹی میں بھی بلاول بھٹو لیڈ نہیں کر پا رہے تو پیپلز پارٹی کا لیڈر کون ہوگا۔ اس کے مطابق پاکستان آگے چلے گا، یہ نہیں ہو سکتا کہ ایک دو افراد ملک سے باہر چلے جائیں تو پاکستان کی سیاست نے رک نہیں جانا، پاکستان کی سیاست چلتی رہے گی، جس قسم کی ہم نے پالیسیاں لی ہیں، اگلے پانچ سالوں میں ان کے ثمرات سامنے آئیں گے، اگلی مدت کے اندر ہم دیکھیں گے کہ یہ پالیسیاں تناور درخت بنیں گی، پاکستان کی سمت درست جانب گامزن ہے۔

فیصل واوڈا نااہلی کیس میں قانونی آپشنز استعمال کریں گے

ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فیصل واوڈا کے کیس میں لیگل آپشنز موجود ہیں، وہ یہ استعمال کریں گے۔ امید ہے فیصل واوڈا کو اعلیٰ عدلیہ سے انصاف مل جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے جری عوام نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا وہ قابل ستائش ہے، ہمارے فوج اور سیکورٹی کے اداروں کے جوانوں نے قربانیاں دیں، ان کے احسانوں کی بدولت ہم امن کی زندگی گذارتے ہیں، پاکستان کمزور نہیں ہے، ہم نے پہلے بھی ثابت کیا ہے، اب بھی ثابت کریں گے کہ ہم کمزور نہیں ہیں۔

شہباز اور مریم کی تحریک عدم اعتماد کا مقصد ہے کہ انہیں باہر جانے دیا جائے

وفاقی وزیر اطلاعات نے ایک سوال پر کہا کہ شہباز شریف اور مریم نواز کا تحریک عدم اعتماد لانے مقصد یہ ہے کہ انہیں ملک سے باہر جانے کی اجازت مل جائے لیکن ہم انہیں اس وقت تک ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں دے سکتے جب تک یہ ملک و قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس نہیں کر دیتے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved