خاتون کے سر میں کیل ٹھوکنے کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے متاثرہ خاتون کے خاندان کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔
انکوائری ٹیم کو متاثرہ خاتون کے خاندان تک رسائی حاصل ہوئی ہے، متاثرہ خاتون کے شوہر سے رابطہ ہو چکا ہے، خاتون کا شوہر شہر سے باہر ہے جسے پشاور طلب کر لیا گیا ہے۔
اسپتال رسید میں متاثرہ خاتون کی انٹری باز گل کے نام سے ہوئی ہے، ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون کے 3 بچے ہیں جن میں 2 بیٹے ایک بیٹی شامل ہے۔بچوں کی عمریں بالترتیب 9، 3 اور 2 سال ہیں، خاتون اسپتال میں درج ایڈریس پر موجود نہیں ہے، مبینہ طور پر خاتون کسی رشتہ دار کے گھر میں ہے جس کی تلاش جاری ہے۔
واقعے کی مکمل اور شفاف انکوائری کی جا رہی ہے، کل تک اہم پیش رفت متوقع ہے۔
یاد رہے خاتون کے لیڈی ریڈنگ اسپتال پہنچنے کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے جس میں دیکھا گیا کہ مریضہ کے ساتھ 2 مرد اور 2 خواتین اسپتال آرہے ہیں۔
گزشتہ روز پشاور میں اولاد نرینہ کی خواہش میں جعلی پیر نے خاتون کے سر میں کیل ٹھوک دی تھی۔زخمی خاتون کو علاج کے لئے لیڈی ریڈنگ اسپتال پہنچا یا گیا.نیوروسرجن ڈاکٹر حیدر نے کہا کہ خاتون حاملہ تھی اور سر پر گہری چوٹ تھی، کیل کو سرجری کرکے نکال لیا گیا۔