ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پہلی بار پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد پر زمین پر قبضے سے متعلق الزام پربات کی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نارتھ ناظم آباد کےکالج گراؤنڈ پر قبضے سے متعلق سوال پر مرتضیٰ وہاب نے جواب دیا کہ کالج گراؤنڈ کی زمین بلدیہ عظمیٰ کی ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ نہ سرفراز نے کالج پر قبضہ کیا اور نہ ہی کالج نے ان کی زمین پر قبضہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اُس وقت کے میئر وسیم اختر نے گراؤنڈ کو سرفراز کے نام سے منسوب کیا تھا، مسئلہ بناکر کسی کو بدنام کرنےکی کوشش کی جارہی ہے، تفتیش سے پہلے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کی زمین پر کم لاگت ہاؤسنگ اسکیم شروع کی جائے گی، زمین کی نشاندہی کردی گئی اور منصوبےکو حتمی شکل دی جارہی ہے، زمین کے ایم سی ملازمین کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے اوپن بیلٹنگ کی جائے گی۔