وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے وزراء کی کارکردگی جانچنے کیلئے اپنائے گئے طریقہ کار کی مخالفت کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 10 وزراء کو کارکردگی کی بنیاد پر میڈلز دینے کے فیصلےپر دیگر حکومتی وزراء نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
آج قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیوں میں علی محمد خان کا کہنا تھا کہ جو وزراء اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کرتے، وہی ایوارڈ کے حق دار ٹھہرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین یقین دہانی کمیٹی کی جانب سے ایجنڈے کے مطابق متعلقہ وزراء، سیکرٹریز بلانے کی حمایت کرتا ہوں، میں بطور وزیر پارلیمانی امور حکومتی وزرا ءکی طرف سے ان کی وزارتوں سے متعلق یقین دہانی کراتا ہوں، بعض وزراء ان یقین دہانیوں سے ایوان میں اظہار لاتعلقی کردیتے ہیں، لیکن وہی ایوارڈ کے حق دار بھی ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میرے سمیت دیگر وزراء اس بار پوزیشن میں اس لئے جگہ نہیں بنا سکے کیونکہ کارکردگی ان پراجیکٹس پر عملدرآمد سے جانچی جاتی ہے جو وزارت وزیراعظم آفس کو دیتی ہے۔