بھارتی سپریم کورٹ نے حجاب پر پابندی کے خلاف طالبات کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر فوری سماعت سے انکار کر دیا ہے۔
بھارتی سپریم کورٹ نے مسلمان طالبہ کی حجاب پرپابندی کے کیس کی فوری سماعت کی درخواست پرکہا کہ حجاب سے متعلق کیس کی سماعت کی کوئی جلدی نہیں، اس مسئلے کوقومی سطح پرنہ اچھالاجائے۔ جب مناسب وقت آئے گا تو عدالت مداخلت کرے گی۔
یاد رہے کہ کرناٹک کی طالبہ نے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کیخلاف کیس میں کرناٹک ہائیکورٹ کے عبوری فیصلے کیخلاف درخواست دائرکی تھی اور کیس کی فوری سماعت کی استدعا کی تھی۔
دوسری جانب سپریم کورٹ میں سینئر وکلاء کی جانب سے دائردرخواست پر بھارتی چیف جسٹس نے کہا کہ کرناٹک ہائیکورٹ کو حجاب کی اجازت دینی چاہیے۔ بھارتی چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم یہاں تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنے بیٹھے ہیں، اس درخواست کومناسب وقت آنے پر سنیں گے۔
واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ پہلے بھی مسلمان طالبات کی حجاب سے متعلق کیس کی سماعت کی درخواست مسترد کرچکی ہے۔