وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کیلئے اپنائے گئے طریق کار پر سوال اٹھا دئیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ شہزاد ارباب کو خط لکھ کر وزارت خارجہ کو گیارہواں نمبر دینے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
خط میں واضح کیا گیا ہے کہ پرفارمنس ایگریمنٹ کی پہلی سہ ماہی میں وزارت خارجہ نے 26 میں سے 22 اہداف کامیابی سے حاصل کئے، جبکہ دوسری سہ ماہی میں 24 میں سے 18 اہداف حاصل کئے۔
شاہ محمود قریشی کا خط میں کہنا تھا کہ وزارت خارجہ نے یقینی بنایا کہ ریویو پیریڈ کے دوران کوئی معاملہ زیرالتواء نہ رہے، اس دوران وزارت خارجہ نےاعلیٰ اور عالمی سطح کی سرگرمیاں بھی کیں، وزارت خارجہ کے کاموں پر کسی نے تشویش کا اظہار بھی نہیں کیا گیا۔خط کے متن کے مطابق 30 فیصد کارکردگی جائزہ سے متعلق کوئی تحریری گائیڈ لائنز فراہم نہیں کی گئیں، انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کا کارکردگی میں گیارہواں نمبر ریویوکمیٹی کےطریقہ کارپرسوالات اٹھاتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ملتان میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا بھی کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم کا دورہ چین کامیاب تھا، تو وزیر خارجہ کو تعریفی سرٹیفکیٹ نہ دے کر وزیراعظم نے ملتان کیساتھ ناانصافی کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے بھی وزراء کی کارکردگی جانچنے والے پیمانے اور پہلی پوزیشنز پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔