پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آج ق لیگ کی قیادت سے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے ق لیگ سے تحریک عدم اعتماد کیلئے حمایت طلب کر لی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے متعلق حتمی لائحہ عمل کیلئے مولانا فضل الرحمان نے چوہدری برادران سے 2 دن کا وقت مانگا، جس پر ق لیگ کی قیادت نے کہا کہ اپوزیشن پہلے خود طے کر لے کہ اس نے کرنا کیا ہے۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کل شہباز شریف آپ سے ملاقات کریں گے، میں اسی کی راہ ہموار کرنے بھی آیا ہوں، ہم کل کی ملاقات کے بعد مشاورت سے آپ کو 2 روز میں حتمی فیصلے کے متعلق بتا دیں گے۔
اس پر چودھری شجاعت نے مولانا فضل الرحمان سے کہا کہ آپ ہمارے لئے قابل احترام ہیں، چودھری پرویز الہی نے مسکراتے ہوئے کہا کہ مولانا آپ بے فکر رہیں، آصف زرداری سے ملاقات میں جو طے ہوا تھا ہم اس پر قائم ہیں۔
چوہدری برادران کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جماعتوں سے تحفظات تھے اور ہیں، لیکن ملک کیلئے جو بہتر ہوا وہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ق لیگ کی قیادت نے تحریک عدم اعتماد کے متعلق مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا ہے۔