بائیڈن کا پیوٹن سے ٹیلیفونک رابطہ، یوکرائن پر حملہ کیا تو بھیانک نتائج ہونگے، امریکہ

12  فروری‬‮  2022

امریکی صدر جوبائیڈن نے روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن کو خبردار کیا ہے کہ اگر یوکرائن پر حملہ کیا تو اس کے نتائج تباہ کن ہوں گے۔

برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق دونوں صدور کی ٹیلیفونک گفتگو ایک گھنٹہ جاری رہی، جس میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اگر روس نے یوکرائن پر حملہ کیا تو امریکہ اور مغربی ممالک کا ردعمل فوری ہو گا، جس سے روس کی دنیا میں ساکھ اور کمزور ہو جائے گی۔

بائیڈن انتظامیہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا ہے کہ دونوں صدور کی گفتگو پیشہ وارانہ اور تعمیری رہی، لیکن روسی حکام کے رویے کے باعث کسی بہتری کے امکانات نظر نہیں آ رہے۔ امریکی صدر کا روسی ہم منصب کو کہنا تھا کہ امریکہ یہ تمام مسائل سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے کیلئے تیار ہے، جس پر امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ واضح نہیں ہوا کہ روس بھی سفارتکاری  پر آمادہ ہو گا یا نہیں۔

وضح رہے کہ امریکہ نے غیر ضروری سفارتی عملے سمیت دیگر تمام امریکی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں یوکرائن چھوڑنے کی ہدایت کی تھی، علاوہ ازیں دیگر یورپی ممالک بھی اپنے شہریوں کو یہ ہدایات جاری کر چکے ہیں۔

علاوہ ازیں فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے بھی روسی ہم منصب کے ساتھ آج ٹیلیفونک رابطہ کیا اور کشیدگی کم کرنے کیلئے بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے پر زور دیا۔ فرانس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے روئٹرز کو بتایا ہے کہ ہمیں ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا جو یہ واضح کرے کہ روسی صدر یوکرائن پر حملے کی تیاری کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں حکومت کو بتایا گیا تھا کہ روس نے یوکرائن پر حملے کی تیاریاں تیز کر دی ہیں، روس نے جب بھی یوکرائن پر حملہ کیا تو یوکرائن کے دارالحکومت کیوو کا سقوط صرف 2 روز میں ہو سکتا ہے۔مغربی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ روس نے اب بھی ایک لاکھ سے زائد فوجی یوکرائن کی سرحد کے ساتھ تعینات کر کے جنگ کی مکمل تیاری کر رکھی ہے، جبکہ دوسری جانب روس نے ایسی کسی بھی تیاری کی تردید کی ہے۔

دوسری جانب روس نے بیلا روس کے ساتھ بڑے پیمانے پر جنگی مشقیں بھی شروع کر دی ہیں، جس کے بعد یوکرائن کی حکومت نے الزام لگایا ہے کہ روس نے ہمارے سمندری پانیوں کی بھی ناکہ بندی کر دی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved