عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے سبب پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔
نجی جریدے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر 95 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق حکومت پاکستان نے ایک ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا، جس کے باعث یکم فروری سے قیمتوں میں فی لٹر 5 سے 6 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔ اگر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے مجموعی فرق کے تناسب سے قیمتیں بڑھائی جائیں تو پٹرول کی قیمت میں 13 روپے فی لٹر کا اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے بعد فی لٹر نئی قیمت 160 روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔
اسی تناسب سے ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں 18 روپے کا اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی فی لٹر نئی قیمت بھی 163 روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 31 جنوری کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 11 سے 13 روپے کے اضافے کی سمری مسترد کر دی تھی۔