وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اتحادی مکمل طور پر ہمارے ساتھ ہیں، اپوزیشن انہیں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے راضی کرنے کیلئے ترلے منتوں پر اتر آئی ہے۔
فیصل آباد – (اے پی پی): اتوار کی سہ پہر میاں ٹرسٹ ہسپتال فیصل آباد کے دورہ اور ہیلتھ کارڈ کے حوالے سے فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ آج آصف زرداری اور شہباز شریف عمران خان کی طرف سے احتساب کے خوف سے ان ان لوگوں کے دروازوں پر جاکرمنتیں ترلے کر رہے ہیں جنہیں اپنے اقتدار کے دور میں یہ لوگ ملنا اور سلام تک لینا پسند نہیں کرتے تھے اور یہی وہ شہباز شریف تھے جو کہتے تھے کہ زرداری کا پیٹ پھاڑ کر اس سے لوٹی ہوئی رقم نکلواؤں گا اور گھسیٹ کر چوراہوں میں لٹکاؤں گامگر آج یہی لوگ اپنے آپ کو احتساب سے بچانے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ پیٹ ملا اور انتہائی ڈھٹائی سے پیا ر کی پینگیں بڑھا رہے ہیں اور یہ کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے کہ ان کی وجہ سے اپوزیشن کی چائے کی دوکان چل پڑی ہے حالانکہ عمران خان نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ جب احتساب کا عمل شروع ہوگا، تو یہ سارے چور لٹیرے اکٹھے ہو جا ئیں گے اور وہی ہورہا ہے لیکن عمران خان نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ یہ جو مرضی کرلیں ان کو کوئی ڈھیل یا ڈیل نہیں ملے گی اور نہ ہی احتساب کا عمل رکے گا۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور زرداری ایک دوسرے کی شکل دیکھنے کے روادار نہیں تھے لیکن اب یہ سب اپنی چوری بچانے کیلئے اکٹھے ہو رہے ہیں مگر حکومت کو ان سے کوئی خطرہ نہیں اور نئے الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو ادھر ادھر منتیں ترلے کرنے کی بجائے 16 ارب کے اکاؤنٹس اور ساڑھے 7ارب کی ٹی ٹیوں کا حساب دینے کیلئے ایف آئی اے میں پیش ہونااور انہیں جواب دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے پہلے آڈیوز ویڈیوز کا سہارا لیا، پھر کبھی یہ لوگ استعفوں اور کبھی مارچ کی بات کرتے تھے جبکہ اب یہ ترلے منتیں کرتے ہوئے زرداری کے پاؤں پکڑ کر عدم اعتماد کی طرف جا رہے ہیں لہٰذا یہ جو مرضی کرلیں جہاں جہاں مرضی بھاگ لیں ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اسلئے انہیں اپنی سازشوں میں کامیابی نہیں ہوسکے گی اور اس سے حکومت کو بھی کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
فرخ حبیب نے کہا کہ اپوزیشن کے اترے ہوئے چہرے انکی پریشانی واضح کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب یہ تحریک عدم اعتماد لائیں گے تو دیکھا جا ئے گا کیونکہ ابھی تک تو ان میں کسی ایک بات پر بھی آپس میں اتفاق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پانچ سال کیلئے وزیراعظم بنے ہیں جو اپنی یہ ٹرم پوری کریں گے اور اگلی باری بھی ان کی ہی ہوگی تاہم آئینی و قانونی حدود میں رہتے ہوئے جلسے جلوس کر نا ہر جماعت کا حق ہے اور ہم جمہوری پارٹی ہونے کے ناطے جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا ئے گی۔
اپوزیشن آر یا پار کرنے کے بجائے صرف خوار ہو رہی ہے اور ہر جگہ سے انہیں صاف انکار کا جواب مل رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان پانچ سال بھی پورے کریں گے اور ان شاء اللہ اگلے پانچ سال بھی وزیراعظم رہیں گے۔ @FarrukhHabibISF pic.twitter.com/JN3KJdlyQj
— PTI (@PTIofficial) February 13, 2022
سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں بھی عوام کو صحت کارڈز فراہم کریں
انہوں نے کہا کہ 31مارچ تک پورے پنجاب کی 12 کروڑ کے قریب آبادی پر مشتمل 3 کروڑ سے زائد خاندان صحت کارڈ کی سہولت سے مستفید ہونا شروع ہو جا ئیں گے جن کیلئے صرف پنجاب حکومت نے 400 ارب روپے کی رقم رکھی ہے اور وفاقی حکومت بھی اس ضمن میں صوبوں کو 3400 ارب روپے فراہم کررہی ہے، لہٰذا وہ سندھ اور بلوچستان کی حکومت سے بھی کہتے ہیں کہ وہ ہر قسم کے بغض کو بالائے طاق رکھتے ہوئے انسانیت کی خاطر اپنے شہریوں کو کے پی کے، پنجاب، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر کی طرز پر صحت کارڈ فراہم کریں تاکہ وہاں کے شہری بھی اب بیماری کی صورت میں مکان، پلاٹ، بیوی و بیٹی کے زیور فروخت اور اثاثے بیچنے و قرض لئے بغیر عزت سے اپنا اور اپنے اہل خانہ کا علاج کر واسکیں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ صحت کارڈ کے حامل خاندانوں میں سے اب تک مجموعی طور پر 20 لاکھ مریض اپنا دل کے بائی پاس اور کڈنی ٹرانسپلانٹ سمیت دیگر امراض کا علاج کروا چکے ہیں۔