وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہبازشریف کو پرویز الہٰی چائے پلائیں گے، اس سے زیادہ انہیں ق لیگ سے کچھ نہیں ملے گا۔
منڈی بہاؤالدین – (اے پی پی): اتوار کے روز منڈی بہاؤالدین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جب ملک کے معاشی حالات درست ہوتے ہیں تو مختلف سیاسی چوہے نکل کر شور مچانا شروع کر دیتے ہیں، شہباز شریف، بلاول اور فضل الرحمان کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں، یہ پٹے ہوئے لوگ ہیں، پاکستان کے عوام انہیں بخوبی جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اگر مہنگائی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ملک ان لوگوں کے حوالے کر دیا جائے جن کی وجہ سے ملک کے معاشی مسائل کا شکار ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان استحکام کی جانب گامزن ہے، پاکستان کی عالمی سطح پر درجہ بندی میں اضافہ ہوا ہے،وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں چین کا کامیاب دورہ کیا، 23 سال کے بعد کوئی وزیراعظم روس کے دورہ پر جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان کی خارجہ پالیسی میں استحکام آنا شروع ہوتا ہے تو یہاں کچھ لوگ بیٹھ کر عدم استحکام کی باتیں شروع کر دیتے ہیں، اپوزیشن ہر دو مہینے بعد تحریک عدم اعتماد جیسے بیانات جاری کر دیتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری فواد حسین نے کہا کہ چوہدری برادران کا سیاسی ڈیرہ ہے، وہاں لوگوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے، اپوزیشن کو پی ایم ایل کیو سے اس سے زیادہ کچھ نہیں ملے گا۔
عدم اعتماد منتوں، ترلوں اور سازشوں سے نہیں آتی
اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدم اعتماد تب آتا ہے جب آپ کی کمر میں درد نہ ہو اور آپ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں، منتوں، ترلوں اور سازشوں سے عدم اعتماد نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے تلوں میں تیل نہیں ہے، یہ عدم اعتماد نہیں لا سکتے۔ پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو لانگ مارچ میں سہولت فراہم کرنے کو تیار ہیں، ہمارا ایک کنٹینر خالی پڑا ہوا، پی ڈی ایم کو کرایہ پر دیا جا سکتا ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ نواز شریف اور شہباز شریف کے لگائے گئے وہ پلانٹس ہیں جن سے ہم بجلی خریدیں یا نہ خریدیں، اس کی ادائیگی ہمیں کرنا ہوتی ہے۔ آج ملک میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے ذمہ دار نواز شریف ہیں۔ وہ عالمی سطح پر ایسے معاہدے کر گئے ہیں جن کی وجہ سے آج بجلی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔