بھارتی ریاست گجرات کے ضلع کچ میں 70 سالہ خاتون کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
خاتون کی 25 برس کی عمر میں شادی ہوئی تھی، جس کے بعد 45 برس سے وہ ماں بننے کا خواب دیکھ رہی تھیں۔ یہاں تک کہ ڈاکٹروں نے بھی تمام کوششیں چھوڑ دی تھیں۔ خاتون کے ڈاکٹر نریش بھانوشالی نے بتایا کہ جب خاتون پہلی بار ہمارے پاس آئی تھیں تو ہم نے انہیں بتایا کہ اتنی بڑی عمر میں بچے کی پیدائش ناممکن ہے لیکن انہوں نے زور دیا کہ انہیں بچہ چاہیے۔اس عمر میں بغیر کسی پیچیدگی کے بچے کی پیدائش کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ یہ کیس ان کی زندگی کا نادر کیس ہے۔
ڈاکٹر نے مزید کہا کہ خاتون کی عمر کی وجہ سے اس کیس کو ہینڈل کرنے میں کافی سوچ بچار کی لیکن بعد میں یہ کیس لے لیا گیا، دونوں میاں بیوی کو بچے کی بہت خواہش تھی اور دونوں کافی عرصے سے بچے کے انتظار میں تھے۔ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ بچہ بالکل صحت مند و تندرست ہے جب کہ اس کی ماں جیون بین رباری کی صحت بھی ٹھیک ہے۔