پولیس نے بلوچستان سے کراچی آنے والی ایمبولینس سے25 کلو چرس برآمد کر لی۔
موچکو پولیس نے حب ریور روڈ موچکو پر اوتھل بلوچستان سے آنے والی ہائی ایس ایمبولنس798-LES شہبازویلفیئر ایسوسی ایشن پنجاب کو روک کر چیک کیا توایمبولنس کی پچھلی سیٹوں کے ساتھ اسٹریچر کے نیچے خفیہ خانوں سے 25 کلو چرس کے 20 پیکٹ برآمد ہوئے۔پولیس نے ملزم ڈرائیور سلیم ولد محمد امین کو گرفتارکرکے ملزم کے خلاف مقدمہ الزام61/2022 بجرم دفعہ 15/ 6/9-C نارکوٹکس ایکٹ کے تحت درج کرلیا، ملزم کاسابقہ ریکارڈ چیک کیاجارہاہے،ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر کارروائی کے دوران 34 ارب روپے سے زائد مالیت کی کیٹامائن قبضے میں لے لی۔
ترجمان کے مطابق اے این ایف انٹیلیجنس اور اے این ایف پورٹ کنٹرول یونٹ نے مشترکہ کارروائی کے دوران ایک ہزار 86 لیٹر کیٹامائن پکڑ لی، کوکین کے طرز کی نشہ آور کیمیائی مواد کو دبئی اسمگل کیا جانا تھا۔
انٹیلیجنس اطلاع پر کاسمیٹکس کے سامان پر مشتمل کنٹینر کو تحویل میں لیا گیا اور تلاشی لینے پر 2172 عدد عرق گلاب کی بوتلوں سے کیٹامائن برآمد کر لی گئی۔