وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان پروگرام کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کا آغاز ہوگیا، 74 سال میں غریبوں کو صرف خواب دکھائے گئے، عملی اقدامات نہ ہوئے، جیسے جیسے پروگرام پھیلے گا، نچلی سطح پر بہتری آئے گی۔
معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی سندھ اسمبلی میں مشترکہ پریس کانفرنس اس حوالے سے عثمان ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایات پر میں سندھ آیا ہوں، 5 ارب روپے سندھ کے ہزاروں نوجوانوں میں تقسیم کیے گئے ہیں جنھوں نے اپنا کاروبار شروع کیا ہے جس سے دیگر ہزاروں لوگوں کو روزگار مل چکا ہے، مہنگائی کا توڑ آمدن بڑھا کر اور روزگار دے کر کیا جاسکتا ہے، یہی ہماری کوشش ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کی آمدن کے ذرائع بڑھیں۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ہر فصل کے لئے ڈیرھ لاکھ اور دو فصلوں کے لئے تین لاکھ روپے کا قرض حاصل کیا جاسکتا ہے، کاروبار کے لئے پانچ لاکھ تک کا بلاسود قرضہ دیا جا رہا ہے، گھروں کی تعمیر کے لئے 20 لاکھ سے 25 لاکھ کا بلاسود سود قرضہ لیا جاسکتا ہے، اس پر تھوڑے سے چارجز ہیں، 40 لاکھ گھروں کو میرٹ اور شفافیت سے بلاسود قرضے فراہم کر رہے ہیں، فلاحی ریاست کی جانب قدم رکھ دیا گیا ہے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں آپ کامیاب جوان پروگرام کا حصہ بنیں، قرضے کے حصول میں جو مشکلات آرہی تھیں وہ دور کردی گئی ہیں، کامیاب پاکستان پروگرام کا اس ماہ پورے ملک میں آغاز کریں گے، اس سے بھی نوجوان بلاسود ایک لاکھ سے پانچ لاکھ تک وصول کرسکتے ہیں، ہر ماہ بڑی تعداد میں پاکستانیوں کو قرضے دیے جائیں گے۔