بھارتی ریاست اترپردیش سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی رگویندر سنگھ نے دھمکی دی ہے کہ اگر دوبارہ منتخب ہوئے تو مسلمانوں کی ٹوپی اتروا کے انہیں ماتھے پر تلک کا نشان بنانے پر مجبور کردیں گے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش میں انتخابی مہم جاری ہے، اور بی جے پی کے اراکین اسمبلی کے پاس مسلم دشمنی کے علاوہ عوام کے سامنےبطور کارکردگی پیش کرنے کیلئے کچھ بھی نہیں ہے۔
حالیہ انتخابی مہم میں بی جے پی کی ریاستی قیادت کی موجودگی میں خطاب کرتے ہوئے رگویندر سنگھ نے کہا کہ آپ ہمیں ووٹ دیں، اگر ہم منتخب ہو گئے تو مسلمانوں کی ٹوپیاں اتار کر انہیں تلک کا ٹیکہ لگوانے پر مجبور کر دیں گے۔
بعد ازاں ایک ٹی وی انٹرویو میں رگویندر سنگھ نے وائرل ویڈیو کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہاں بالکل ہم ایسا ہی کریں گے، انہوں نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کا جواز پیش کیا کہ دہشت گردی سے اسی طرح لڑا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ نیویارک ٹائمز کی گزشتہ مہینے چھپنے والی رپورٹ کے مطابق بھارت میں اقلیتوں کیلئے زمین تنگ کی جارہی ہے، وہاں عیسائیوں اور مسلمانوں کو جبراً ہندو بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، اور ملک بھر کے چرچ اور مساجد کو ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے نشانہ بنایا جا رہا ہے، یہاں تک کہ اقلیتیں اپنے مذہب کی بجائے خود کو ہندو ظاہر کراتی ہیں۔