اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جج کیخلاف توہین عدالت کیس میں رانا شمیم کو بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہینِ عدالت کیس میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے وکیل کے بیمار ہونے پر سماعت ملتوی کر دی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے توہینِ عدالت کیس کی سماعت کی۔
گلگت بلتستان کی سپریم ایپلیٹ کورٹ کے سابق چیف جج رانا شمیم اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔دورانِ سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ رانا شمیم آئندہ سماعت سے پہلے اٹارنی جنرل کو بیان حلفی کی کاپی فراہم کریں۔
رانا شمیم کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔عدالت نے سابق جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے وکیل کی آج التوا کی درخواست منظور کی۔
اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید خان نے عدالت سے استدعا کی کہ رانا شمیم کو بیان حلفی جمع کرانے کے ہدایت کی جائے۔خالد جاوید خان نے عدالت سے یہ بھی استدعا کی کہ رانا شمیم سے اپنے دفاع میں گواہان کی فہرست بھی لی جائے۔ بیان حلفی اور گواہان کی فہرست مل جائے تو آئندہ سماعت پر کارروئی آگے بڑھے گی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے رانا شمیم توہین عدالت کیس کی سماعت 7 مارچ تک ملتوی کر دی۔