وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ میں اضافہ کرنے جا رہے ہیں۔
ڈاکٹر شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کابینہ میں کچھ نئے لوگ لائیں گے، کے پی میں پہلے مرحلے میں ٹکٹ ٹھیک نہ دینے کے باعث نقصان اٹھایا، چچا اور کزن پر مشکل وقت ہے تو مریم نواز سائلنٹ موڈ پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ایم این ایز اور ایم پی ایز کی ملاقات ہوگی، اپوزیشن کی پریشانیوں میں اضافہ ہونے والا ہے۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ یہ لوگ اندر سے ایک دوسرے کو پسند نہیں کرتے، گھسیٹ گھسیٹ کر ایک دوسرے کو گھروں میں کھانا کھلا رہے ہیں، یہ سب چور ہیں انہیں پتہ ہے اتفاق میں برکت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چوہدری برادران نے خاندانی وضع کا مظاہرہ کیا، چوہدری برادران نے اپوزیشن کو شاندار جواب دیا، چوروں سے پیسہ ریکور کر کے عوام کو سہولیات فراہم کریں گے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ ہم نے معیشت کو بہتر کیا ہے، پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے اضافہ ہوا ہے، پیٹرول قیمت میں اضافے سے ہم بالکل خوش نہیں، 3 سے4 ماہ میں مہنگائی میں کمی آئے گی۔