وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو روکنے کیلئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں اپوزیشن لیڈر کیخلاف درخواست شہری شاہد اورکزئی نے دائر کی ہے، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ پر حملہ کی سازش کیس میں ملوث ہونے پر شہباز شریف قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر منتخب نہیں ہو سکتے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شہباز شریف وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی سربراہی کر رہے ہیں، جبکہ شہباز شریف پر سپریم کورٹ پر حملہ کرنے کا جرم ثابت ہوچکا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ شہباز شریف کو نہ صرف بطور اپوزیشن لیڈر یہ اقدامات اٹھانے سے روکا جائے، بلکہ 2008ء اور 2013ء کے عام انتخابات میں ان کی کامیابی کو کالعدم قرار دیا جائے۔
درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ ایسی صورت میں شہباز شریف نہ صرف اپوزیشن لیڈر منتخب نہیں ہو سکتے بلکہ وہ مسلم لیگ ن کے صدر بھی نہیں بن سکتے ہیں، لہذا انہیں عوامی اور پارٹی عہدوں سے ہٹایا جائے۔